Dec ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • یمن: الحدیدہ میں فائربندی پر کاربند رہنے پریمنی فوج کی تاکید

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ وہ مغربی یمن کے علاقے الحدیدہ میں فائربندی پر کاربند ہیں۔

سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ہونے والے یمن کے امن مذاکرات میں طے پانے والے سمجھوتے کی بنیاد پر مغربی یمن کے شہر الحدیدہ میں منگل کی صبح سویرے سے فائربندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے الحدیدہ میں فائربندی پر ایسی حالت میں مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں کی جانب سے فائربندی کی نگراں کمیٹی کے داخلے میں ہونے والی تاخیر کو بہانہ بنا کر جنگ بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

اس ترجمان نے الحدیدہ میں فائربندی کی کسی بھی طرح کی خلاف ورزی  اور اس کے نتائج کا ذمہ دار سعودی اتحاد کے فوجیوں کو قرار دیا اور فائربندی کے سمجھوتے پر مکمل طور پر عمل درآمد میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے کردار کی ضرورت پر تاکید کی۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سعودی اتحاد کے جنگی اور اسی طرح ڈرون طیاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر چھبیس بار بمباری کی، کہا کہ ان طیاروں نے الحدیدہ کی فضا میں بھی پرواز کی اور اس شہر کے مختلف علاقوں کو بارہا نشانہ بنایا۔

الحدیدہ اور اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل الحدیدہ بندرگاہ میں فائربندی کا سمجھوتہ اور شہر تعز میں کشیدگی میں کمی سے متعلق مفاہمت ایسے اہم ترین نتائج رہے ہیں جو سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ہونے والے یمن کے امن مذاکرات میں حاصل ہوئے ہیں۔

دوسری جانب مشرقی یمن کے صوبے المہرہ میں حوف قبائل کے احتجاج سے متعلق منتظمہ کمیٹی نے آئندہ دنوں میں سعودی حکومت کے خلاف کئے جانے والے مظاہروں میں اس صوبے کے عوام سے بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس کمیٹی نے سعودی حکومت مخالف ان مظاہروں کا مقصد صوبے المہرہ میں سعودی اتحاد کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرنا قرار دیا اور کہا کہ سعودی اتحاد کے غاصبانہ قبضے کی مخالفت میں مظاہرے جاری رکھے جائیں گے۔

اس کمیٹی نے یمنی قبائل کے خلاف جارحیت اور اشتعال انگیز اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے سعودی اتحاد سے الانفاق کے علاقے میں یمنی مظاہرین کے قتل عام کے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔

دریں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کے فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں صوبے مآرب میں حملہ کر کے سعودی اتحاد کے دس فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ اسی طرح  سعودی عرب کے آلہ کار فوجی، جو یمن کے الجوف صوبے کے خب والشعف علاقے میں جانے کی کوشش کر رہے تھے، یمنی فوجیوں کی  سخت مزاحمت کے بعد اپنے منصوبے میں ناکام اور پسپائی پر مجبور ہو گئے۔

اس سے قبل سعودی اتحاد نے الحالی شہر پر توپ کے گولوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک یمنی شہری شہید اورسات دیگر زخمی ہوئے۔

 

ٹیگس