پنجاب کے دریاؤں میں بپھری ہوئی سیلابی کیفیت، چناب کا ریلا جھنگ میں داخل، 180 دیہات پانی میں گھر گئے
پنجاب کے بپھرے دریاؤں میں سیلابی کیفیت برقرار ہے، پانی کی سطح معمول پر نہ آسکی، ریلا آبادی میں داخل ہونےکے بعد مزید کئی دیہات ڈوب گئے
سحرنیوز/پاکستان: پنجاب کے بڑے دریاؤں چناب، ستلج اور راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث صوبے بھر میں تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ چناب کا ریلا جھنگ میں داخل ہو گیا، جہاں 180 دیہات زیرِ آب آ گئے اور سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہو گئیں۔ سیالکوٹ، وزیرآباد، چنیوٹ اور ملتان سمیت کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ خانکی، قادرآباد، تریموں اور محمد والا پر پانی کا بہاؤ خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا اور سلیمانکی پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
ریسکیو آپریشن جاری ہے، مگر کئی علاقوں میں متاثرین امداد سے محروم ہیں۔ خواتین اور بچوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔ اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری امداد کی اپیل کی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید ریلوں کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔