Dec ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • تحریک حماس انتخابات اور متحدہ حکومت کی تشکیل کی خواہاں

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے متحدہ قومی حکومت کی تشکیل اور انتخابات کے انعقاد کو مسئلہ فلسطین میں درپیش مسائل کا بہترین حل قرار دیا ہے۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے سیکریٹری خلیل الحیہ نے بدھ کے روز فلسطین کے نامہ نگاروں اور صحافیوں سے گفتگو میں فلسطین کی اندرونی صورت حال کو منظم کرنے اور پی ایل او کے ایسے رہنما کے انتحاب کی ضرورت پر زور دیا ہے جس میں تمام فلسطینی فریقوں کا کردار ہو۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور تحریک حماس کے سربراہ کے سیکریٹری خلیل الحیہ نے بیت المقدس، فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی، صیہونی بستیوں کی جاری تعمیر، فلسطینی گروہوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش، امریکہ کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت، دنیائے عرب کی کمزوری اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی جاری کوششوں کو مسئلہ فلسطین میں درپیش مسائل سے تعبیر کیا اور ان تمام مسائل پر گہرائی کے ساتھ توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

انھوں نے فلسطین اور دنیائے عرب کے ذرائع ابلاغ سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جانے کے عمل کا مقابلہ کرنے اور فلسطینی امنگوں، دنیا‏ئے عرب اور عالم اسلام کے لئے اس کے برآمد ہونے والے نتائج پر روشنی ڈالے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور تحریک حماس کے سربراہ کے سیکریٹری خلیل الحیہ نے اسی طرح کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے صیہونی بستیوں کی جاری تعمیر کا مقابلہ کیا جانا بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں تمام فلسطینی گروہوں، دنیائے عرب اور مسلمانان عالم کو چاہئے سخت ردعمل کا اظہار اور موثر اقدامات عمل میں لائیں۔