سعودی فوج کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کا میزائل حملہ
Dec ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی جارحیت کے جواب میں الخوبہ میں سعودی فوج کے ٹھکانوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق اندرون ملک تیار کردہ زلزال میزائلوں نے الخوبہ کے علاقے جبل دود میں قائم سعودی فوجی اڈوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔
ادھر یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سعودی اتحاد نے مسلسل تیسرے روز بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مغربی شہر الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔
بریگیڈیئر یحی سریع نے کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر انتالیس بار حملے کیے۔
اسٹاک ہوم میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے مذاکرات میں یمن کے مغربی ساحلی شہر الحدیدہ میں جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا لیکن سعودی اتحاد مسلسل اس کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔