بنگلہ دیش کے خونی انتخابات میں، شیخ حسینہ کی چوتھی بار کامیابی
بنگلہ دیش کے پر تشدد اور خونی پارلیمانی انتخابات میں موجودہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے چوتھی بار کامیابی حاصل کرلی ہے۔
ڈھاکہ موصولہ رپورٹوں کے مطابق تشدد اور خوف و ہراس کے ماحول میں ہونے والے انتخابات میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔
بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق حکمران جماعت عوامی لیگ اور اس کے اتحادیوں نے پارلیمنٹ کی تین سو میں سے دوسو اٹھاسی نشستیں جیت لیں ہیں۔ نتائج کے مطابق اپوزیشن کی جماعتوں نے محض چھے نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جس کی بنگلہ دیش کی انتخابی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
بنگلہ دیشن کی اپوزیشن جماعتوں نے نتائج کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے حکومت پر سنگین انتخابی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ سے بھرے ہوئے بیلٹ باکس پہنچائے گئے جبکہ مرکزی اپوزیشن اتحاد کے سینتالیس امیدواروں نے پولنگ ختم ہونے سے قبل ہی دھاندلی اور ڈرانے دھمکانے کاالزام عائد کر کے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔ اپوزیشن اتحاد نے نتائج کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے بھی انتخابی عمل کی شفافیت پر خدشات کا اظہار کیا جبکہ ہیومن رائٹس واچ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے بھی کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے باعث خوف و ہراس کی فضا پھیلی۔