سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن پر جارحیت کے صرف آلہ کار ممالک، الحوثی
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کی جارحیت کا مطلب یمنی عوام کو امریکہ، برطانیہ اور صیہونی حکومت سمیت مختلف دشمنوں کی جانب سے جارحیت کا نشانہ بنایا جانا ہے اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات صرف اس جارحانہ حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے مہرے بنے رہے ہیں۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت کی چوتھی برسی کی مناسبت سے کہا ہے کہ دشمن کو وسیع حمایت حاصل ہونے کے باوجود یمنی عوام کے مقابلے میں بری طرح سے شکست ہوئی ہے۔
سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
سعودی اتحاد کی جاری وحشیانہ جارحیت اور محاصرے کے نتیجے میں عالم اسلام کے اس غریب عرب ملک کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلّت کا سامنا ہے۔
اس کے باوجود سعودی اتحاد یمنی عوام کے خلاف اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔