بغداد میں بحرین کے سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی
بحرینی وزیر خارجہ کی جانب سے عراق کے صدر دھڑے کے سربراہ کی توہین کئے جانے پر بغداد میں بحرین کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔
عراق کی وزارت خارجہ نے اتوار کی رات ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ بحرینی وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ کی جانب سے عراق کے صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدر کی توہین کئے جانے پر بغداد میں بحرین کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔
بحرین کے وزیر خارجہ کے نام احتجاجی مراسلے میں عراق کے قومی اقتدار اعلی کا احترام کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔
ہزاروں عراقیوں نے بغداد میں بحرین کے سفارت خانے کے سامنے اجتماع کر کے صدر دھڑے کے رہنما سید مقتدی صدر کے خلاف بحرینی وزیر خارجہ کے اہانت آمیز موقف کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطبق عراقی مظاہرین نے عراقی رہنما مقتدی صدر کی بی احترامی کے بارے میں بحرینی وزیر خارجہ کے ٹوئٹ پر اس ملک کی آل خلیفہ حکومت کی جانب سے معذرت خواہی کا مطالبہ بھی کیا۔
بغداد میں بحرینی سفارت خانے سامنے مظاہرہ کرنے والے عراقیوں نے اپنے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے بھی لے رکھے تھے اور وہ اعلان کر رہے تھے کہ یہ گلدستے وہ بحرینی عوام کو پیش کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل سیکڑوں عراقیوں نے نجف اشرف میں بحرین کے قونصل خانے کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ عراق کے صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدرنے اپنے ملک کے داخلی امور میں بڑھتی ہوئی بیرونی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بحرین کے بحران کے حل کے لئے آل خلیفہ حکمرانوں کی برطرفی کی ضرورت پر زور دیا تھا جس کے بعد بحرین کے وزیر خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں عراق کے صدر گروہ کے رہنما کی توہین کی اور جس پر عراقی سیاسی رہنماؤں اور عراقی عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرے کئے اور بحرین کے وزیر خارجہ کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔