کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل منتقل کئے جانے پر چین کی حمایت کا اعلان
چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کئے جانے کی حمایت کرتا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے بیجنگ میں ٹاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے سے علاقے میں امن و استحکام کی صورت حال متاثر ہو رہی ہے اور یہ بات چین کے لئے باعث تشویش ہے۔
اس ملاقات مین پاکستان کے وزیر خارجہ نے بھی اسلام آباد اور بیجنگ کے تعلقات کو دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بارے میں کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا اور اس علاقے کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ علاقے کے عوام کی رائے کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔
کشمیر کے بارے میں حکومت ہندوستان کے فیصلے سے اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تجارت معطل کی جارہی ہے، سفارتی روابط کی سطح میں کمی کی جائے گی، دو طرفہ معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے گا اور چودہ اگست کو کشمیریوں سے یک جہتی کا دن منایا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسی طرح کہا کہ پندرہ اگست، ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ نئی دہلی سے پاکستان کے سفیر کو واپس بلایاجا رہا ہے اور ہندوستان کے سفیر کو پاکستان سے واپس جانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔