Sep ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت پر حزب اللہ کے  جوابی حملوں کا خوف

غاصب صیہونی حکومت نے حزب اللہ کے جوابی حملوں کے خوف سے مقبوضہ فلسطین میں اپنی جنگی مشقیں منسوخ کردی ہیں اور صیہونی آبادکاروں سے کہا ہے کہ وہ پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔

خبری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے صیہونی آبادکاروں کو پناہ گاہوں میں جانے کا حکم جاری کیا ہے۔ درایں اثنا صیہونی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کے بری، بحری، اور فضائی نیز انٹیلیجنس اداروں نے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں مختلف سیناریو کے لئے اپنی آمادگی بڑھا دی ہے- صیہونی فوج نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطین میں اپنی فوجی مشقیں منسوخ کرتے ہوئے شمالی علاقوں بالخصوص لبنانی سرحدوں کے جنوب میں واقع الجلیل کے علاقے میں ہرطرح کی جنگ کے لئے تیار ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ کرات شمونہ اور الجلیل کے کچھ علاقوں کے فضائی حدود بند اور اس علاقے آئرن ڈوم سسٹم نصب  کردیئےگئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق سنیچر کے دن بھی صیہونی فوجی کانوائےشمالی سرحدوں کی جانب جاتے ہوئے دیکھےگئے ہیں اور صیہونی حکومت نے اپنے فوجی دستے مقبوضہ جولان سے لبنانی سرحدوں پر منتقل کردیئے ہیں۔ صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے حالیہ ہفتوں میں کئی بار لبنان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ لبنانی حکام نے صیہونی حکومت کے ان جارحانہ اقدامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ وہ اسرائیل کو منھ توڑ جواب دیں گے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے سنیچر کی رات اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کے سلسلے میں لبنان میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے تاکید کی کہ اسرائیل کو اپنی جارحیت کی قیمت چکانی پڑے گی۔ سید حسن نصراللہ نے مزید کہا کہ اب وہ دور ختم ہوگیا جب اسرائیل لبنان پر بمباری کرتا تھا اور آج لبنان میں پوری طرح امن و امان اور سیکورٹی قائم ہے۔حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس میں کسی طرح کے شک و شبہے کی گنجائش نہیں ہے۔