Sep ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • عراق و ایران سمیت دنیا بھر میں شہیدان کربلا کی عزاداری

عراق اور ایران سمیت دنیا بھر میں شہیدان کربلا کی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے

کربلا‏ئے معلی سے موصولہ خبروں کے مطابق سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضے، بین الحرمین اور روضہ ھای مبارک کے اطراف کی سڑکیں عراق اور دنیا بھر سے آئے ہوئے دسیوں لاکھ زائرین اور سوگواروں سے چھلک رہی ہیں ۔

رپورٹوں کے مطابق آٹھ محرم کی مناسبت سے ، اتوار کو نماز صبح کے بعد سے ہی ماتمی دستے بین الحرین اور روضہ ھای مبارک میں آنا شروع ہوگئے تھے اور یہ سلسلہ اس وقت بھی جاری ہے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ کربلائے معلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ روضہ ہائے مبارک اور بین الحرمین میں عزاداری اور سینہ زنی و نوحہ خوانی کا سلسلہ سنیچر کو پوری رات جاری رہا جس میں اتوار کو نماز صبح کے لئے وقفہ آیا اور نماز صبح کے بعد عزاداری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ۔

اسلام جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں میں بھی آٹھ محرم کی مناسبت سے جلوسہائے عزا اور ماتمی دستے برآمد کئے جارہے ہیں ۔

مشہد مقدس سے موصولہ رپورٹ کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کے روضہ مبارک کے سبھی صحنوں اور اطراف کی سڑکوں پر ماتمی دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی میں مصروف ہیں ۔ اسی کے ساتھ روضہ مبارک کے مختلف رواقوں میں مجالس عزا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا حرم مبارک بھی شہدائے کربلا کے عزاداروں اور ماتمداروں سے چھلک رہا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے نکالے جانے والے ماتمی جلوس بھی روضہ مبارک کی جانب رواں دواں ہیں ۔

قم میں مقیم ہندوستان اور پاکستان کے طلبا نے بھی آٹھ محرم کی مناسبت سے ایک ماتمی جلوس نکالا جو مختلف راستوں سےگزرتا ہوا ، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر پہنچ کے ختم ہوا۔

یہاں دارالحکومت تہران میں بھی مختلف شاہراہوں پر آٹھ محرم کی مناسبت سے ماتمی دستے برآمد کئے گئے ہیں ۔اسی کے ساتھ تہران کے سبھی حسینیوں ، امام بارگاہوں ، اہلبیت اطہار سے تعلق رکھنے والی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں اور دیگر مراکز میں مجالس عزا کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ہندوستان اور پاکستان میں بھی عشرہ محرم کی عزاداری پورے مذہبی اور روائتی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے اور جیسے جیسے عاشورائے حسینی قریب آتا جارہا ہے عزاداروں کے جوش اور ولولے میں بھی اضافہ ہوتا ہے جا رہا ہے۔

ہندوستان اور پاکستان کے بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں، کراچی ، لاہور، ملتان، کوئٹہ، راولپنڈی ، ممبئی ، حیدرآباد، بنگلور، لکھنؤ ، دہلی، کولکتہ اور پٹنے سمیت ہندوستان اور پاکستان کے بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں آٹھ محرم کے جلوسہائے عزا نکالے گئے ۔

ٹیگس