ہم جنگ نہیں چاہتے، سعودی عرب امریکہ سے امید نہ باندھے : انصار اللہ
Sep ۱۷, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
یمن کی قومی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد عبدالسلام نے سعودی حکومت کو نصیحت کی ہے کہ وہ امریکہ سے امیدیں وابستہ نہ کرے۔
صنعا حکومت کی قومی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے کہا ہے کہ علاقے میں قیام امن، ہتھیاروں کی گھن گرج سے دور مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ عبدالسلام نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ملت یمن پورے جزیرہ عرب میں امن و سیکورٹی کی خواہاں ہے تاہم کسی کے ظلم و ستم اور تسلط پسندی کو برداشت نہیں کرے گی- صنعا حکومت کی قومی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب کو یہ سمجھنا چاہئے کہ امریکہ سے امیدیں وابستہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا- انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ جارح اتحاد خاص طور سے سعودی عرب کو بخوبی سمجھ لینا چاہئے کہ اسے تکبر اور غرور نے اس نوبت تک پہنچا دیا ہے- صنعا حکومت کی قومی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے کہا کہ تمام عربوں اور مسلمانوں کے لئے میرا یہ پیغام ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنی قوم کے دفاع کے سلسلے میں خاموش نہیں بیٹھیں گے۔