شمال مشرقی لاذقیہ کے بعض علاقے دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد
Nov ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
شام کی فوج نے فوجی کارروائی کر کے شمال مشرقی لاذقیہ کے بعض علاقوں کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
مہر نیوز ایجنسی نے اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شام کی فوج نے شمال مشرقی لاذقیہ کے مضافات میں کوبانی کے اطراف اور جبل الاکراد کے محور پر النصرہ محاذ اور ترکستانی گروہ کے دہشتگردوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا اور ان علاقوں کو آزاد کرا لیا جن پر گذشتہ دنوں دہشتگردوں نے قبضہ کر لیا تھا ۔ اس کارروائی میں پینتالیس دہشتگرد ہلاک اور زحمی ہوئے۔
دوسری جانب شامی فوج کی یونٹوں نے صوبہ الحسکہ کے شمال مشرق اور شمالی مضافات میں اپنے اڈوں کو مضبوط بنانا شروع کردیا ہے تاکہ ترکی کے ہرطرح کے ممکنہ حملے کا مقابلہ کرسکیں۔
نواکتوبر کو شمالی شام میں ترکی کی فوج کے حملے کے بعد شام کی ڈیموکریٹیک فورس کے نام سے شامی کرد ملیشیا نے دمشق حکومت سے شمالی شام کے علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لینے کی درخواست کی ہے۔ اس سمجھوتے کے مطابق شامی فوج نے اب تک شمالی شام کے بہت سے علاقے اپنے کنٹرول میں لے لئے ہیں،۔
درایں اثنا شامی ذرائع نے شام کے قامشلی علاقے سے پچپن ٹرکوں سے بھاری مقدار میں اسلحے اور فوجی ساز و سامان عراق بھیجے جانے کی خبر دی ہے۔
یہ خبر ایسے عالم میں سامنے آئی ہے کہ ذرائع ابلاغ نے سنیچر کو اعلان کیا تھا کہ امریکی فوجی جنھوں نے ترکی کے فوجی حملے شروع ہونے کے بعد شمالی شام میں اپنے اڈے دیئے تھے اس وقت اس علاقے اور صوبہ دیرالزور میں واپس آگئے ہیں اور اپنے اڈے مضبوط بنانے اور نئے اڈے قائم کرنے میں مشغول ہیں۔