Dec ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
  • عبداللہ عبداللہ نے اشرف غنی کو کامیاب قرار دینے کے اعلان کو مسترد کر دیا

افغانستان کے صدارتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اشرف غنی کو کامیاب قرار دینے کے اعلان کو حریف امیدوار عبداللہ عبداللہ کی انتخابی مہم چلانے والے دفتر نے مسترد کردیا ہے

عبداللہ عبداللہ کی انتخابی مہم چلانے والے دفتر نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اشرف غنی کو ابتدائی نتائج میں کامیاب قراردینے کا اعلان غیر قانونی ہے جسے قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ عبداللہ عبداللہ کے انتخابی دفتر نے الیکشن کمیشن پر دھاندلی اور ووٹوں کی گنتی میں عدم شفافیت کا مظاہرہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ عبداللہ عبداللہ کا انتخابی دفتر عوام کے ووٹوں کی حفاظت کرےگا اور اس سلسلے میں وہ ہر طرح کے قانونی راستوں کا سہارا لے گا - افغانستان کی چیف الیکشن کمشنر نے اتوار کی صبح ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ افغانستان کے موجودہ صدر اشرف غنی پچاس اعشاریہ چھے چار فیصد ووٹ حاصل کرکے افغانستان کے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں - افغانستان کی چیف الیکشن کمشنر حوا اعلم نورستانی نے کہا کہ اشرف غنی نے نو لاکھ تیئیس ہزار آٹھ سو اڑسٹھ ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے قریب ترین حریف امیدوار عبداللہ عبداللہ کو سات لاکھ دوہزار نو سو نوے ووٹ ملے - افغان چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گلبدین حکمتیار تیسرے اور رحمت اللہ نبیل چوتھے نمبر پر رہے۔