عبداللہ عبداللہ کے انتخابی دفتر سے انتخابی دھاندلی کی شکایتیں
افغانستان میں ڈپٹی چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کی جانب سے اب تک چار ہزار شکایتیں موصول ہوئی ہیں
افغانستان کے ڈپٹی چیف الیکشن کمشنر دین محمد عظیمی نے پیرکو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کی شکایتوں کو وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور عبداللہ عبداللہ کی انتخابی مہم چلانے والے دفتر نے سب سے پہلے انتخابی دھاندلیوں کی شکایتیں درج کرائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں کی شکایتوں کو درج کرانے کی مہلت آئندہ تین روز تک باقی رہے گی - اور اس کے بعد الیکشن کمیشن دقیق اور شفاف طریقے سے شکایتوں کا جائزہ لینا شروع کردے گا - عبداللہ عبداللہ کے انتخابی مہم کے دفتر کے رکن بشیر احمد تینج نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی قانونی شکایتوں کا جواب نہیں دیا جائے گا تو وہ دوسرے آپشن سے استفادہ کریں گے - عبداللہ عبداللہ نے اتوار کو صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے اعلان کے بعد جس میں اشرف غنی کو کامیاب قراردیا گیا ہے کہا تھا کہ ہم اس اعلان کو تسلیم نہیں کرتے اور ہم عوام کے ووٹوں میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے -