امریکی حملہ عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے، عراقی قومی سلامتی کونسل
Jan ۰۴, ۲۰۲۰ ۰۱:۱۱ Asia/Tehran
عراقی کی قومی سلامتی کونسل نے بھی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے اس بیان کی تائید کی ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس پر امریکہ کا حملہ عراق کے اقتدار کی خلاف ورزی ہے۔
سومریہ نیوز کے مطابق عراق کی قومی سلامتی کونسل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام عراق میں امریکی فوجیوں کے قیام کی شرائط اور مشن کے بھی منافی ہے۔
عراقی قومی سلامتی کونسل نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ملکی اقتدار اعلی نیز سلامتی اور استحکام کے حوالے سے متحدہ موقف اپنانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے لازمی فیصلہ سازی کی جاسکے۔
قابل ذکر ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی امریکہ کے دہشت گردانہ حملے میں شہادت کے بعد، عراقی عوام کی جانب سے اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے لیے قانون سازی کی غرض سے حکومت اور پارلیمنٹ پر ڈالے جانے والے دباؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔