Jan ۰۴, ۲۰۲۶ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • تہران میں فاتحِ خیبر کی عظیم الشان علامتی یادگار کی رونمایی، امام خمینی اسکوائر پر لاکھوں عاشقان علی (ع) کا اجتماع+ ویڈیوز

تہران کے تاریخی امام خمینی اسکوائر پر حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت اور شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر فاتحِ خیبر کی عظیم الشان علامتی یادگار کی رونمایی کی گئی، جس میں لاکھوں شہریوں سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق، ایران کے دارالحکومت تہران میں ولادت امیر المومنین علی علیہ السلام کے موقع پر امام خمینی اسکوائر پر فاتح خیبر کی علامتی یادگار کی رونمایی کی گئی۔ اس تقریب کا انعقاد میلادِ حضرت علی (ع) اور شہید جنرل سلیمانی کی برسی کے ایام میں منعقد ہونا اپنی جگہ ایک گہرا پیغام رکھتا ہے، اور وہ ایک ایسے تعلق کی یاد دہانی کراتا ہے جو اس واقعے کے دل میں پوشیدہ ہے۔

اس عظیم نمائش میں تہران کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ تہران کے میئر علی رضا زاکانی، ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین قمی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملک کی یہ سب سے بڑی میدانی نمائش 12 حصوں پر مشتمل ہے، جس میں فتحِ خیبر کے زمانے سے لے کر حالیہ 12 روزہ جنگ تک کے واقعات دکھائے گئے۔ افرادی قوت اور فنکاروں کی تعداد کے لحاظ سے یہ ایک بے مثال کام ہے جو تہران یا ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والی اب تک کی تمام نمائشوں سے بڑا ہے۔

نمائش میں 12 روزہ جنگ کے مناظر کے دوران تہران کے شہری امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ رونمایی کے موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر معروف ترانہ ”اے ایران“ بھی اجتماعی طور پر پڑھا گیا۔  تقریب میں ملک کے مقدس پرچم کے ساتھ ساتھ فلسطین کا پرچم بھی لہرایا گیا۔

تہران کے ڈپٹی میئر داؤد گودرزی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ شہری انتظام کا نظریہ اساطیری اور اقدار پر مبنی تصورات کو اجاگر کرنا ہے، آج کی تقریب جنگ خیبر اور 12 روزہ جنگ میں مسلمانوں اور ایرانیوں کی بہادری کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانیوں نے اسرائیل کے خلاف 12 روزہ جنگ میں ثابت کر دیا کہ وہ علی (ع) کے پیروکار ہیں۔ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے گودرزی نے کہا کہ ٹرمپ ہمیشہ کی طرح غلط باتیں کر رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ایران وینزویلا کی طرح ہے، لیکن تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ یہ سب ایران کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں گے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

تہران کے ڈپٹی میئر داؤد گودرزی نے مزید کہا کہ دشمن اپنے تخیلات سے ایران کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن اگر کسی نے ایسی کوشش کی تو سیکیورٹی ادارے اور عوام دونوں بیدار ہیں۔ 12 روزہ جنگ میں ایرانی عوام نے ثابت کیا کہ وہ شجاعت کے ساتھ قیادت کے پیچھے کھڑے ہیں۔

 

ٹیگس