استقامت اور اس کے کمانڈروں کی جگہ لوگوں کے دلوں میں ہے
Jan ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ ایران و عراق کے مختلف شہروں میں شہدائے استقامت کی تشییع جنازہ میں عوام کی باشکوہ موجودگی نے ثابت کردیا کہ استقامت اور اس کے کمانڈروں کی جگہ لوگوں کے دلوں میں ہے۔
حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے العالم کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے فلسطینی استقامت کی حمایت میں مرکزی کردار ادا کیا ہے اور فلسطینی استقامت کے لئے ان کی تمام حمایتں اور مدد ایک دن تاریخ میں لکھی جائے گی۔
اسماعیل ہنیہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ شہداء کا خون استقامت کو اتنا مضبوط بنا دے گا کہ غاصب صیہونیوں اور امریکہ پر ثابت ہوجائے گا کہ علاقے میں ان کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں اور وہ پسپا ہوچکے ہیں اور علاقے پر اپنے عزائم مسلط نہیں کر سکتے۔
تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے آج صبح تہران میں شہداء کے تشییع جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھی امریکہ اور صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ جو استقامت لبنان اور غزہ میں فاتح ہوئی ہے وہ صیہونیوں کے خلاف آئندہ ہونے والی فیصلہ کن جنگ میں بھی کامیاب ہوگی۔