ترک صدر نے سینچری ڈیل کی حمایت کرنے والوں کو غدار قراد دیا
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے سینچری ڈیل منصوبے کی حمایت کرنے والے عرب ممالک کو غدار قرار دیا ہے۔
ترک خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے امریکی-صیہونی سینچری ڈیل منصوبے کی حمایت کرنے والے عرب ممالک پر حملہ کرتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا ہے۔
انہوں نے ترک پارلیمنٹ میں اپنی پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کجھ عرب ممالک ایسے ہیں جو امریکی منصوبے کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک بیت المقدس، اپنے عوام اور پوری انسانیت سے غداری کر رہے ہیں۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ امریکی منصوبے کے تحت سینچری ڈیل کا منصوبہ، ایک الحاق کا منصوبہ ہے جس کا ہدف دو ریاستی حل کو ختم کرنا اور فلسطینی علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کرنا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کی موجودگی میں نسل پرستانہ سینچری ڈیل منصوبے کی رونمائی کی-
بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنا ، غرب اردن کی تیس فیصد زمینیں اسرائیل کے حوالے کرنا ، پناہ گزیں فلسطینیوں کی وطن واپسی کی مخالفت اور فلسطینیوں کو پوری طرح غیرمسلح کرنا اس شرمناک منصوبے کی اہم ترین شقیں ہیں۔