فلسطین کی حمایت کیلئے عالم اسلام میں اتحاد کی ضرورت پرتاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران اتحاد اور اتفاق کے فروغ پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کل رات ٹیلی فونک رابطے کے دوران، عالم اسلام کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے وزراء خارجہ نے امریکی صدر کیجانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کو مسترد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت کیلئے عالم اسلام میں اتحاد اور اتفاق کے فروغ پر تاکید کی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غاصب صہیونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مشرق وسطٰی میں قیام امن کے لیے اپنا منصوبہ پیش کیا۔ وائٹ ہاوس میں منعقدہ اس تقریب میں فلسطین کے کسی نمائندے کو مدعو ہی نہیں کیا گیا جب کہ تقریب میں عمان، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے اعلان کیے جانے والے نام نہاد امن منصوبے میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا غیر منقسم دارالحکومت رکھنے کا عہد شامل ہے جب کہ فلسطین کو مقبوضہ مشرقی یروشلم کے اندر دارالحکومت بنانے کی اجازت ہوگی۔