امریکہ اور ترکی دہشتگردوں کی حمایت کر رہے ہیں: شام
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ امریکہ اور ترکی، دہشتگردوں اور علیحدگی پسند گروہوں کی حمایت کر رہے ہیں اور شام کے عوام کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کر کے اس ملک کی دولت کو لوٹ رہے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بشار الجعفری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو کے مقبوضہ جولان کے دورے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جولان کی صیہونی کالونیوں میں مائک پمپئو کا دورہ اس علاقے کی سیاسی، قانونی اور جغرافیائی پوزیشن اور حیثیت کو بدل نہیں سکتا اس لئے کہ یہ علاقہ شام کا جزو لاینفک ہے۔
اس سے قبل شام کی حکومت نے مقبوضہ جولان کی صیہونی کالونیوں میں مائک پمپئو کے دورے کی شدید مذمت کی تھی۔ شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایسے وقت میں جب ٹرمپ کا دور صدارت ختم ہو رہا ہے مائک پمپیؤ کا یہ دورہ، شام کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اُدھر عرب لیگ کے سربراہ احمد ابوالغیظ نے بھی امریکی وزیر خارجہ کے غرب اردن اور مقبوضہ جولان میں صیہونی کالونیوں کے دورے کی مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو نے جمعرات کو غرب اردن میں صیہونی کالونیوں کا دورہ کیا اور اس کے بعد شام کے مقبوضہ جولان کی جانب روانہ ہوگئے۔ فلسطینی گروہوں نے بھی امریکی وزیر خارجہ کے اس جارحانہ اقدام کے خلاف احتجاج کیا ہے۔