نتن یاہو کا کرسمس سے پہلے متحدہ عرب امارات کے دورے کا اعلان
خودساختہ اسرائیلی حکومت کے وزیاعظم 23 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
ایک ایسے وقت جب خود ساختہ اسرائیلی حکومت کے وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کی پوزيشن اندرون خانہ خراب ہوتی جا رہی ہے، متحدہ عرب امارات کے حکام ان کی سیاسی ساکھ کو بلند رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نتن یاہو نے دسمبر کے آخری ہفتے میں متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر جانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
وہ طے شدہ پروگرام کے مطابق 23 دسمبر کو متحدہ عرب امارات جائيں گے۔ مقامی میڈیا نے ان کے مجوزہ دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی کابنیہ کو تحلیل کئے جانے کا خدشہ موجود ہے۔
عبرانی اخبار کے مطابق اگر حکومت اور اتحادیوں میں بجٹ کی منظوری سے متعلق اختلافات دور ہوگئے اور پارلیمان کو تحلیل نہ کیا گیا تو نتن یاہو مقررہ تاریخ پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
نتن یاہو کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ امارات کے پہلے دورے سے فائدہ اٹھا کر ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ایک تاریخی پیش رفت کی طرف بڑھ رہے ہیں، جب کہ ان کے حکومتی اتحاد میں شامل ان کے دیرینہ حریف معمولی نوعیت کے سیاسی امور میں الجھے ہوئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے نئے سال کے جشن میں شرکت کے لئے پچاس ہزار صیہونیوں کو ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔