Feb ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۷:۰۳ Asia/Tehran
  •  نتن یاہو کا عرب امارات اور بحرین کا مجوزہ دورہ

خود ساختہ و غاصب صیہونی حکومت کے سرغنہ بنیامن نتن یاہو، حال ہی میں قبلۂ اول بیت المقدس سے غداری کا ارتکاب کر چکے عرب امارات اور بحرین کا دورہ کرنے والے ہیں۔

خود ساختہ اسرائیلی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ آیندہ ہفتے سرکاری طور پر متحدہ عرب امارات جائیں گے اور اس دوران امکان ہے کہ وہ بحرین کا بھی دورہ کریں۔  نتن یاہو نے یہ بات ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

صہیونی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ صرف 3 گھنٹے پر مشتمل مختصر دورہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس دورے کو پہلے بھی 2 مرتبہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی کر چکے ہیں۔ نتن یاہو نے دعوی کیا کہ ان کا یہ دورہ قومی و بین الاقوامی سطح پر بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ 

واضح رہے کہ نیتن یاہو نے اس دورے سے متعلق خود کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹوں میں بتایا تھا کہ وہ 9 فروری کو امارات کا دورہ کریں گے۔

بحرین اور متحدہ عرب امارات خلیج فارس کے پہلے دو عرب ممالک ہیں کہ جنہوں نے فلسطینیوں اور قدس شریف سے غداری کا ارتکاب کرتے ہوئے خود ساختہ صیہونی حکومت کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کئے ہیں۔

 

 

ٹیگس