Apr ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • روزہ رکھنے سے کورونا کا خطرہ نہیں بڑھتا: عالمی ادارۂ صحت

عالمی ادارہ صحت نے ایک بیان جاری کر کے یہ واضح کیا ہے کہ روزہ رکھنے سے کورونا میں مبتلا ہونے کے خطرات میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوتا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کی بنا پر ڈبلیو ایچ او نے روزہ داروں کو کچھ اہم ہدایات دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہِ رمضان اور روزے کے دوران ان کا خیال رکھیں۔ مشرقی بحیرہ روم کے لئے عالمی ادارۂ صحت کے ریجنل مینیجر احمد المنظری نے یہ واضح کیا ہے کہ اب تک ایسے ثبوت و شواہد کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے کہ روزہ رکھنے سے کورونا میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا یہ بھی کہنا ہے کہ صحتمند افراد (مطمئن ہو کر) روزہ رکھ سکتے ہیں اور حتیٰ وہ افراد جن میں کورونا وائرس کی بعض علامتیں پائی جاتی ہیں، وہ بھی مذہبی ہدایات اور ماہرین صحت کے صلاح مشورے کو پیش نظر رکھتے ہوئے روزہ رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ 

روزہ داروں کے نام عالمی ادارۂ صحت کی ہدایات میں آیا ہے:

۱۔ اپنی صحتمند غذا پر دھیان دیں اور بقدر کافی پانی پئیں

۲۔ سگریٹ نوشی، جنک فوڈ (بازار کی بنی چیزیں) اور زیادہ شکر کی حامل اشیاء کے استعمال سے پرہیز کیجئے

۳۔حفظان صحت اور غذا کے تعلق سے حفاظتی انتظامات پر توجہ دیجئے

۴۔ اچھی اور مناسب نیند لیجئے

۵۔ اپنے ہاتھوں کو کئی بار اور اچھی طرح دھوئیں، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

۶۔ اجتماعات سے پرہیز کریں اور اگر ہو تو کھلی جگہ میں ان کا بندوبست کیا جائے۔

۷۔ کھانسی اور چھینکتے وقت رومال یا ٹیشو پیپر کا استعمال کیجئے۔

۸۔ کورونا کے دور میں ماہ رمضان کی روح، فضا اور امید کو برقرار رکھنے کے لئے دعا و مناجات و عبادات کا سلسلہ ضرور رکھیں مگر مناسب فاصلے کے ساتھ۔

۹۔ اگر افطار و سحر میں آپ دوسروں کو بھی اپنے ساتھ شامل کرنا چاہتے ہیں جو کوشش کریں کہ محدود افراد کے ساتھ یہ کام کریں اور کم جگہ میں زیادہ افراد کو اکٹھا کرنے سے پرہیز کیجئے۔

 

 

 

 

ٹیگس