مسجدالاقصی پر ایک بار پھرصیہونی دہشتگردوں کی یلغار، فلسطینی تنظیموں کا انتباہ: صیہونی حماقت نہ کریں
انتہا پسند صیہونیوں نے اسرائیلی فوجیوں کی پشتپناہی میں ایک بار پھر مقبوضہ بیت المقدس میں واقع شیخ جراح محلے اور مسجدالاقصی پر حملہ کیا ہے جس کے بعد فلسطین کے استقامتی گروہوں نے صیہونی حکام کو سخت خبردار کیا ہے۔
المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی دہشتگردوں نے پیر کو مسجد الاقصی پر دھاوا بول کر باب المغاربہ کو صیہونی انتہا پسندوں کے لئے کھول دیا اور مسجد میں گھس کر صحن اور چھت پر چڑھ گئے اور ساتھ ہی قبہ الصخرہ سمیت پورے خطے کی مورچہ بندی کر کے صیہونیوں کی مدد کرتے رہے ۔
یہ جارحانہ اقدام صیہونی اداروں کی جانب سے مسجدالاقصی کے دروازوں کو توڑنے اور طاقت کے بل پر اس میں داخل ہونے کی کال کے بعد انجام پایا ہے۔ فلسطین کے نائب وزیر اوقاف حسام ابو الرب نے اس سلسلے میں کہا کہ پیر کی صبح جو کچھ ہوا وہ مقدس مقامات کے خلاف جارحیت، دینی طالبعلموں اور نمازیوں پر حملہ نیز مسجد الاقصیٰ سے نمازیوں کا اخراج تھا۔
باوری صیہونی دہشتگردوں نے اس کے ساتھ ہی بیت المقدس کے قدیمی محلوں کے نوجوانوں کو زدوکوب بھی کیا۔ شیخ جراح محلے میں بھی غاصب صیہونیوں نے محاصرے کو ختم کرانے کے لئے ہونے والے مظاہرے کے شرکاء کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان پر ربر کی گولیاں فائر کیں جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔
صیہونی فوجیوں نے متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔ صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونیوں نے گزشتہ روز بھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا تھا جس کے بعد فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔ صیہونی حکومت کے ان جارحانہ اقدامات کے بعد فلسطینی استقامتی گروہوں نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لئے دی جانے والی مہلت ختم ہو رہی ہے اور صیہونی حکومت نے اگر اپنے وعدوں پر عمل نہ کیا تو جنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی۔
فلسطین کی استقامتی تحریک حماس نے صیہونیوں کو مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے خلاف کسی بھی طرح کی جارحیت کی بابت خبردار کیا ہے۔ تحریک حماس کے ترجمان عبد اللطیف القانوع نے اعلان کیا ہے کہ حماس، شیخ جراح کے باشندوں کو نکالنے یا مسجد الاقصی کو تقسیم کرنے اور اسلامی آثار و مقدس مقامات کو مٹانے والی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ القانوع کا کہنا تھا کہ غاصب دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل خاکہ تیار ہے اور ہم صیہونی دشمن کو ہر قسم کی حماقت اور ہر ایسے کسی بھی اقدام کی بابت خبردار کرتے ہیں جو بیت المقدس میں جھڑپ اور کشیدگی پر منتج ہو۔
صیہونی دہشتگردوں اور انتہا پسندوں نے گزشتہ روز بھی جنگ بندی کے اعلان کے صرف دو دن بعد مسجد الاقصی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے پیر کو بھی بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں سے پانچ سو فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے-