Oct ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • ادلب میں جبھت النصرہ کے اڈوں پر شامی فوج کے حملے

شام کی فوج نے جبھۃ النصرہ دہشتگردوں کی جانب سے ادلب میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے جواب میں سہل الغاب کے علاقے میں ان کے اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

شامی فوج نے ان حملوں میں صوبہ ادلب کے سہل الغاب علاقے کے خرب الناقوس، الزیادہ، السرمانیہ کے علاقوں میں جبھت النصرہ دہشتگرد گروہ کے اڈوں کو کئی میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

اس رپورٹ کے مطابق ادلب کے مضافات میں تعینات شامی فوجی دستوں نے اس صوبے کے جنوبی مضافاتی علاقے بینین، فلیفل اور الفطیرہ علاقوں میں بھی النصرہ محاذ کے دہشتگردوں کے اڈوں کے خلاف کارروائی کی۔

علاقے میں دہشتگردوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے جواب میں شامی فوج کی کارروائی سہل الغاب کی جورین کالونی پر ان کے راکٹ حملوں اور کشیدگی کو کم کرنے کے لئے انجام دی گئی۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق فوجی و سیکورٹی فورس اور علاقے کے مسلح عناصر کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے تناظر میں جنوبی شام میں واقع درعا صوبے کے شمال مغرب کے مضافاتی شہر جاسم کے لازمی فوجی سروس سے فرار کرنے والے افراد اور دیگر دسیوں مفرور و مطلوب افراد کی صورت حال واضح ہو گئی ہے اور مسلح افراد نے اپنے ہتھیار فوج کے سپرد کردیئے ہیں۔

صوبہ درعا میں گذشتہ ایک مہینے کے دوران روس کی ثالثی سے حکومت شام اور مسلح عناصر کے درمیان ہونے والے سمجھوتے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے اور اس سمجھوتے کے بعد شامی فوجی کسی جھڑپ کے بغیر شہر درعا کے درعا البلد علاقے اور نوی، الیادودہ، مزیریب، طفس، تل شہاب، حوض الیرموک شہروں اور دیگر قصبوں و دیہاتوں میں داخل ہوگئے ہیں۔

ٹیگس