طالبان کے وزیرخارجہ کی چودہ ممالک کے سفیروں اور نمائندوں سے ملاقات
افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے وزیرخارجہ نے قطر میں دنیا کے چودہ ملکوں کے سفیروں اور نمائندوں سے ملاقات میں طالبان کے خلاف پابندیوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے وزیرخارجہ امیرخان متقی نے دوحہ میں ہونے والی اس ملاقات میں جن میں زیادہ تر یورپی ممالک کے سفراء اور نمائندے تھے، طالبان کے خلاف پابندیوں کی منسوخی ، امریکہ میں طالبان کے منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت مختلف مسائل کے بارے میں صلاح و مشورہ کیا۔
افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقھار بلخی نے بھی کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ امریکہ میں افغانستان کے منجمد اثاثے آزاد کرائے ۔
عبدالقھار بلخی نے کہا کہ طالبان نے خود کو تسلیم کرانے کے لئے شرائط پر عمل کیا ہے۔
دوسری جانب طالبان کے وزیردفاع ملا محمد یعقوب نے ایک اجلاس میں کہا ہے کہ طالبان حکومت کو بہت سے چیلنجوں اور مسائل کا سامنا ہے۔
افغانستان میں دو مہینے سے زیادہ عرصے سے طالبان کی حکومت قائم ہے لیکن اب تک کسی بھی ملک نے ان کی حکومت تسلیم نہیں کی ہے اور امریکہ اب بھی اس کے اثاثے منجمد کئے ہوئے ہےعالمی برادری نے طالبان کو تسلیم کرنے کے لئے اس ملک میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل ، انسانی حقوق کی پابندی اور خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم اور انھیں کام کی اجازت دینے کی شرط رکھی ہے ۔