ہمیں تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ اچھا نہیں: طالبان
طالبان نے خبردار کیا ہے کہ اگر افغانستان میں ان کی حکومت کو تسلیم نہ کیا گیا تو علاقے اور دنیا کے لئے اس کے اچھے نتائج سامنے نہیں آئیں گے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کیا گیا اور افغانستان کے اثاثے ریلیز نہ کئے گئے تو اس سے ملک اور دنیا کے لئے مسائل پیدا ہو جائیں گـے۔
طالبان کے ترجمان نے دنیا کے ممالک کی جانب سے جلد ہی طالبان کو تسلیم کئے جانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں ملکوں نے طالبان کو بالواسطہ طور پر حکومت کے عنوان سے مخاطب کیا۔ ذبیح اللہ مجاہد نے دنیا کے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے سفارت خانے کھول کر اپنی سفارتی سرگرمیاں شروع کردیں۔
طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ان کی حکومت کسی بھی ملک کو افغانستان میں فوجی اڈے بنانے کی اجازت نہیں دے گی۔
طالبان گروہ نے پندرہ اگست کو افغانستان میں حکومت سنبھال لی لیکن ابھی تک کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔