Jan ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • فلسطین نے اقوام متحدہ میں غاصب صیہونی حکومت کی شکایت کی

اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے نے فلسطینی سرزمین اور عوام کے خلاف مستقبل بنیادوں پر صیہونی حکومت کے منصوبہ بند حملوں کے باعث اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں شکایت درج کرائی ہے۔

فارس نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے یو کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہوں کے نام ایک مراسلہ ارسال کر کے فلسطینی عوام و سرزمین کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے منصوبہ بند حملوں کی شکایت درج کرائی۔

ریاض منصور نے اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ جرائم اور غیر قانونی اقدامات کی انجام دہی پر مراعات دئے جانے اور جواب ہی پر مجبور نہ کئے جانے کے باعث غاصب صیہونی حکومت روز بروز مزید جرائم کے ارتکاب کے لئے زیادہ گستاخ ہوتی جا رہی ہے۔

فلسطینی نمائندے نے لکھا کہ سال دوہزار اکیس، دوہزار چودہ میں غزہ پر بہیمانہ حملے کے بعد سب سے زیادہ خونبار سال ثابت ہوا ہے اور غاصب صیہونی حکومت نے دوہزار اکیس کے دوران تین سو چوبیس فلسطینی منجملہ چھیاسی بچوں کو مقبوضہ علاقوں میں قتل کیا ہے۔

انہوں نے اسی طرح مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی مکانات کی مسماری، انکی زمینوں پر غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور مسلمانوں کے مقامات مقدسہ میں صیہونیوں کی دراندازی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور لکھا کہ اس قسم کے صیہونی اقدامات قوانین کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔

فلسطین کے نمائندے نے اپنے مراسلے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم پر اپنی خاموشی کو توڑ کر اس سلسلے میں مطلوب اپنا کردار ادا کریں۔

 

ٹیگس