شام سے ملنے والی عراقی سرحد پر دیوار کی تعمیر جاری
عراقی سرحدی فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ شام سے ملنے والی عراقی سرحد پر کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
بغداد نے حال ہی میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض کے دورہ دمشق اور شامی صدر سے ہونے والی ان کی ملاقات کے بعد شام سے ملنے والی عراقی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
الاعلام الحربی کی رپورٹ کے مطابق عراقی سرحدی گارڈ کی کمان نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سرحدوں کو مستحکم بنانے کے لئے دیوار کی تعمیر کا کام جاری ہے اور بعض سرحدی علاقوں میں دیوار کی تعمیر کا کام مکمل ہونے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دہشت گردوں کی دراندازی کوروکنا ہے۔
اس سے قبل عراق کے ڈپٹی جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف قیس المحمداوی نے کہا تھا کہ شام سے ملنے والی سرحدوں خاص طور سے مغربی سرحدوں پر امن اور استحکام کے قیام کی غرض سے 2 برسوں سے ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عراقی سیکورٹی فورس کی جانب سے داعشی دہشت گرد عناصر کی دراندازی کو روکنے، ان کا ڈھونڈ نکالنے اور ان کا صفایا کرنے کے لئے ملک کے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔