جہاد اسلامی فلسطین کا ایک کمانڈر شہید
فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کے ایک کمانڈر نے جام شہادت نوش کیا۔
ارنا نے فلسطین الیوم کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جہاد اسلامی تنظیم کے دیر البلح نامی فوجی دستے کے کمانڈر یاسر عطیہ المصری جو ابو مصعب کے نام سے معروف تھے، گزشتہ برس صیہونی دشمن کے ساتھ ہونے والی جنگ سیف القدس کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور تب سے وہ زیر علاج تھے۔ ابو مصعب گہرے زخموں کے باعث جانبر نہ ہو سکے اور انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 10 مئی کو غاصب صیہونیوں کی بڑھتی اشتعال انگیزی اور جارحانہ اقدامات کے جواب میں فلسطینی مزاحمت نے صیہونی دشمن کے خلاف سیف القدس معرکے کا آغاز کیا تھا جو 21 مئی تک جاری رہا۔
صیہونی ذرائع کے اعتراف کے مطابق، اس جنگ کے دوران فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے 4000 سے زائد راکٹ مقبوضہ علاقوں پر فائر کئے، جس کے نتیجے میں 12 صیہونی عناصر ہلاک اور 330 زخمی ہوئے تھے، جبکہ فلسطین نے 200 شہیدوں اور ہزاروں زخمیوں کا نذرانہ پیش کیا۔