Jun ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • صیہونی کابینہ کے دن پورے ہوئے، نئے انتخابات اسرائیل کا مقدر

غاصب اسرائیل کی اتحادی حکومت نے اگلے ہفتے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا بل پیش کرنے کا اعلان کردیا جو اگر منظور کرلیا گیا تو مقبوضہ فلسطین میں نئے انتخابات ہوں گے۔

اسرائیلی اخبار ہاآرتض کی رپورٹ کے مطابق قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ اور وزیر خارجہ یائر لاپد نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اتحادی حکومت کو مستحکم رکھنے کے لیے تمام کوششیں ناکام رہیں، اب پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا بل پیش کیا جائے گا۔

بل منظور ہونے کی صورت میں خودساختہ صیہونی حکومت کے موجودہ وزیر خارجہ یائر لاپد اسرائیل کے نگران وزیراعظم بن جائیں گے۔

نظریاتی طور پر منقسم حکومتی اتحاد 8 جماعتوں پر مشتمل ہے جس میں مذہبی قوم پرست، بائیں بازو اور مرکزیت کے نظریات رکھنے والے اور پہلی بار عرب اسلامسٹ پارٹی کے منتخب رکن بھی شامل ہیں۔

آٹھ جماعتوں کی اتحادی حکومت رواں برس اپریل میں وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی پارٹی کی ایک رکن کے جانے سے اپنی اکثریت کھو بیٹھی تھی۔ حال ہی میں ایک قانون منظور کیا گیا تھا جس کے تحت صیہونی آبادکاروں کو مقبوضہ مغربی کنارے میں رہائش اختیار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

سابق وزیر اعظم اور موجودہ اپوزیشن لیڈر نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے لیے بل پیش کریں گے لیکن وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور وزیر خارجہ لاپد نے خود ہی یہ بل پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ خود ساختہ صیہونی ریاست میں گزشتہ 3 سال کے دوران یہ 5 ویں انتخابات ہیں جو 25 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔

ٹیگس