صیہونی جارحیت کے جواب میں سلفیت کے مغرب میں فلسطینیوں کی زبردست کارروائی
عبری ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں نے سلفیت کے مغرب میں غاصب صیہونیوں کے خلاف فائرنگ کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں نے غرب اردن میں سلفیت کے شمال مغرب میں واقع علاقے دیراستا کے قریب یاکر علاقے کے چوراہے پر ایک اسرائیلی کار پر فائرنگ کی ہے۔
اس صیہونی ٹی وی چینل کے دعوے کے مطابق اس فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کے بعد بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجی جائے واردات پر پہنچ گئے اور فائرنگ کرنے والے فلسطینی کی تلاش شروع کردی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ معطی فلسطینی مرکز ںے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چوبیس صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دی گئی ہیں ۔
خبروں کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صیہونیوں پر چار بار گولیاں چلائی گئیں، ایک بار غاصبوں کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا اور دو بار ان پر پیٹرول بم داغے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ان میں اہم ترین کارروائیاں قباطیہ، جنین کیمپ اور الخلیل میں واقع حجائی نام کی صیہونی کالونی میں غاصب فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کو نشانہ بنانا ہے۔
گذشتہ روز ہونے والی ایک کارروائی میں صیہونی فوج کے ایک ٹھکانے کو پٹرول بم سے نذر آتش کردیا گیا۔
فلسطینی جوانوں نے ایک اور کارروائی کے دوران صیہونی کالونیوں میں رہنے والوں کی گاڑیوں کو پتھروں سے نشانہ بنایا۔
رپورٹ میں درج ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران، فلسطینی جوانوں نے صیہونی فوجیوں اور آبادکاروں کے حملوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
اس سے قبل تک مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقوں اور غزہ میں فلسطینیوں کی استقامت کا سامنا کر رہے تھے مگر اب غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونیت مخالف کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں اور فلسطینیوں نے غاصب صیہونیوں کو ناکوں چنے چبوادیئے ہیں جس کی بنا پر صیہونی حکام کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اور وہ سخت تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
حالیہ دنوں میں مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری رہا ہے جبکہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں سے کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے تاکید کی ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔
چنانچہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں کے باوجود فلسطینیوں کی بڑھتی ہوئی استقامت سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ آئندہ دنوں میں فلسطینیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔