May ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں مزید 20 فلسطینی شہید

غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے آج صبح کے جارحانہ حملوں میں کم سے کم 20 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا نیا سلسلہ شروع ہوئے بھی انچاس روز گزر رہے ہيں اور جارح صیہونی فوج مسلسل شہر غزہ ، بیت لاہیا اور شمالی غزہ پٹی میں قتل عام کی کارروائیاں انجام دے رہی ہے جن میں ہر روز دسیوں عام فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہو رہے ہيں۔ فلسطینی میڈيا ذرائع نے آج صبح رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے شہر غزہ اور بیت لاہیا میں قتل عام کی جدید کارروائیوں میں شمال مغربی شہر غزہ کے الکرامہ محلے کے الرموز ٹاور کے تین رہائشی فلیٹوں پر وحشیانہ بمباری کی جس میں اب تک پندرہ شہداء کے جنازے مل چکے ہیں۔ ان رپورٹوں کے مطابق شمالی غزہ پٹی کے ایک مکان پر غاصب صیہونی فوجیوں کی بمباری میں چار عام شہری شہید اور پانچ زخمی ہوئے ہيں جبکہ کچھ اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہيں۔ جنوبی غزہ پٹی کے میڈيکل ذرائع نے خان یونس پر غاصبوں کے حملے میں کئی عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ دوسری جانب عزالدین القسام بریگیڈ نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے مجاہدین نے گھات لگا کر ایک کارروائی انجام دی اور صیہونی فوج کی انفنٹری انجینئرنگ یونٹ کو راکٹ سے نشانہ بنایا جس کے بعد مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان نہایت قریب سے جھڑپیں شروع ہوگئیں اور اس کے نتیجے میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔

ٹیگس