شام کا ایئرڈیفنس متحرک، دمشق پر صیہونی میزائلی حملہ ناکام
شام کے ایئرڈیفنس نے صیہونی فوج کے فضائی حملوں کو ناکام بنادیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے سرکاری خبررساں ادارے سانا کے مطابق، صیہونی فوج کے حملے میں دمشق کے مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا لیکن شام کے ایئرڈیفنس نے زیادہ تر میزائلوں کو ٹارگٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔
شام کی فوج کے ایک اعلی عہدے دار نے بتایا ہے کہ یہ حملہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک بج کر بیس منٹ پر ہوا اور میزائل مقبوضہ جولان علاقے سے مارے گئے تھے۔
شام کی فوج کے اس عہدے دار نے بتایا ہے کہ صیہونیوں کے اس حملے میں دو شامی فوجی زخمی ہوئے اور تھوڑا مالی نقصان بھی ہوا۔
گذشتہ ہفتے بدھ کی صبح کو بھی صیہونی فوج نے حلب ایئرپورٹ پر میزائل داغے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شام کی حکومت نے صیہونیوں کی مسلسل جارحیت کے بارے میں اقوام متحدہ میں شکایت درج کی ہے تاہم یو این سمیت تمام عالمی ادارے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
اس بات کے ثبوت بھی منظر عام پر آچکے ہیں کہ صیہونی حکومت کے حملوں کا فائدہ شام میں سرگرم دہشت گردوں اور غاصب امریکی فوجیوں کو ہی پہنچتا ہے۔