Feb ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • ہم اسرائیل کو سرکاری طور پر تسلیم نہیں کرتے: سعودی عرب

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے، وائٹ ہاؤ‎س کی سیکورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی کے اظہارخیال کے ردعمل میں کہا ہے کہ جب تک آزاد فلسطینی مملکت کا قیام عمل میں نہيں آجاتا ہرگز اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار نہيں ہوں گے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: العربیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے آج صبح اعلان کیا ہے کہ جب تک انیس سو سرسٹھ کی سرحدوں میں مشرقی بیت المقدس کی مرکزیت کے ساتھ ، ایک فلسطینی حکومت کے قیام کو تسلیم نہیں کیا جاتا اور غزہ پر حملہ بند نہیں کیا جاتا اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوسکتے- سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری، غزہ پر حملے بند کئے جانے اور اس علاقے سے صیہونی فوجیوں کے مکمل انخلا سے مشروط ہے-

ارنا کے مطابق، یہ بیان وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹجک تعلقات کے کوآرڈینیٹر اور ترجمان جان کربی کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد شائع ہوا ہے کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور اسرائیل، باہمی تعلقات کو معمول پر لانے میں دلچسپی رکھتے ہيں اور کہا کہ باقیماندہ قیدیوں کی رہائی اور غزہ جنگ کے طویل مدتی خاتمے کے بارے میں سنجیدہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ جس کو ہم عملی جامہ پہننا چاہتے ہیں۔

ٹیگس