حزب اللہ کے ایک کمانڈر کی شہادت کے جواب میں صیہونی حکومت کے متعدد ٹھکانوں پر میزائلی حملے اور گولہ باری
حزب اللہ لبنان نے اپنے ایک کمانڈر کی شہادت کے جواب میں صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر میزائلی حملوں اور گولہ باری کی خبر دی ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: المنار کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے کہا ہے کہ جویا نامی قصبے پر صیہونی حکومت کے حملے کے جواب میں، خربہ ماعر میں صیہونی حکومت کے توپخانے اور اس کے اطرف میں صیہونی فوجیوں کے مراکز پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے مجاہدین نے صیہونی حکومت کے حدب یارین نامی فوجی اڈے پر بھی حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اسی طرح صیہونی فوج کے حانیتا اڈے پربھی شدید گولہ باری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے مجاہدین نے غاصب صیہونی حکومت کے جل العلم فوجی اڈے پر گولہ باری اور برکہ ریشہ فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ یہ حملے جویا نامی قصبے پرغاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے کے جواب میں کئے گئے ہیں جس میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر طالب سامی عبداللہ المقلب بہ حاج ابو طالب شہید اور چند عام شہری زخمی ہوگئے-