عالمی ضمیر کی آواز، یو این سربراہ کا اسرائیلی اقدامات پر سخت ردعمل
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فلسطینی سرزمین پر صہیونی قبضے کو ناقابل قبول قرار دے کر نسل کشی اور جبری مہاجرت کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے فلسطینی علاقوں پر جاری صہیونی قبضے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے جائز حقوق کو تسلیم کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر مسلسل قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ عمل فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
سیکریٹری جنرل نے فلسطینی حکومت کے ڈھانچے کی ازسر نو تشکیل پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایک متحد اور خودمختار فلسطینی حکومت کے قیام کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ ہمیں فلسطینی اتھارٹی کو مستحکم کرنے اور اس کی واپسی کی حمایت کرنی چاہیے۔
گوترش نے متنبہ کیا کہ اگر قیام امن کی کوششوں میں مزید تاخیر کی گئی تو اس کا انجام سنگین ہوگا۔ اب مزید انتظار کا وقت نہیں۔ قیام امن کے لیے فوری اقدام ضروری ہے۔
انہوں نے فلسطینیوں کو جبری طور پر ان کی سرزمین سے بے دخل کیے جانے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فلسطینی عوام کو ان کے گھروں سے نکالنا نہ صرف ظلم ہے بلکہ امن کی راہ میں ایک بہت بڑی رکاوٹ بھی ہے۔ یہ عمل اسرائیل کی عالمی سطح پر مزید تنہائی کا سبب بنے گا۔
گوترش نے دوٹوک انداز میں نسل کشی اور جنگی جرائم کے مرتکب افراد کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی کے عمل کو بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں اور زور دیتا ہوں کہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔