Oct ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • صیہونی جیل میں صمود فلوٹیلا کے ارکان کو تشدد اور بدسلوکی کا سامنا

صمود امدادی فلوٹیلا کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جیلوں میں قید صمود امدادی بحری قافلے کے ارکان کو غاصب اسرائیلی فوجیوں کی بدسلوکی اور تشدد کا سامنا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:  فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوج نے امن کارکنوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں بدترین قیدخانے میں منتقل کردیا جہاں صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو مسلسل جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، حراست میں لیتے وقت بھی امن کارکنوں پر شدید نوعیت کا تشدد کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ صمود فلوٹیلا کے کئی ارکان دل کی بیماری اور کینسر کے علاج کی ادویات لے رہے تھے تاہم غاصب فوجیوں اور جیل کے حکام نے دواؤں تک ان کی دسترسی کو بند کردیا ہے۔

صمود فلوٹیلا کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جیل میں قید کیے گئے اس امدادی قافلے کے ارکان کو غذا اور پانی کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔

صمود امدادی کارواں کے اعلی عہدے داروں نے کہا کہ یہ اس منظم سرکوبی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا سامنا فلسطینی قوم روزانہ کی بنیاد پر کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کا محاصرہ توڑنے اور غزہ والوں تک امدادی سامان کی ترسیل کرنے والے صمود عالمی فلوٹیلا کے تمام ارکان کو اس وقت گرفتار اور ان کے جہازوں پر قبضہ کیا جب وہ بین الاقوامی بحری حدود میں تھے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں صیہونی حکومت کے اس اقدام کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور بحری قزاقی کے مترادف قرار دے رہی ہیں۔

ٹیگس