بحرین کے قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش
Jul ۳۱, ۲۰۱۵ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم نے اپنے ملک کے حکمراں ٹولے کو عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کا ذمہ دار قرار دیا ہے-
لبنان کے المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ " باقر درویش" نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ آل خلیفہ، بحرینی عوام کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے اور اس کا ثبوت شاہ بحرین کے مشیر نبیل الحمر کا بیان ہے- انھوں نے کہا کہ شاہ بحرین کے مشیر نے جو بات کہی ہے، وہ اس کینے کا ثبوت ہے جو منامہ حکومت، بحرینی شیعہ مسلمانوں سے رکھتی ہے- انھوں نے کہا کہ حکومت کے تفرقہ انگیز موقف کی، اس کے حامی ذرائع ابلاغ بھی حمایت اور اس کا پروپیگنڈہ کرتے ہیں - بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت، ملک میں آزادی و جمہوریت کی خواہاں عوام کے مظاہروں کو سختی سے کچل دیتی ہے اور تشدد کا سہارا لیتی ہے- باقر درویش نے کہا کہ بحرینی عوام، مسلسل حکومت کی امتیازی پالیسیوں اور تشدد آمیز پالیسیوں کا شکار، اور سماجی انصاف اور شہری حقوق سے محروم ہیں- بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے عوامی مظاہروں کو ہمیشہ فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے لیکن ملت بحرین، قومی اتحاد کا تحفظ کرتے ہوئے ملک میں بنیادی اصلاحات اور حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ کرتی رہی ہے-