سیاسی قیدیوں کی حمایت میں بحرینی عوام کے مظاہرے
Aug ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
بحرینی شہریوں نے سیاسی قیدیوں کی حمایت میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے ہیں-
العالم کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے اپنے ملک کے مختلف علاقوں اور شہروں میں مظاہرے کر کے سیاسی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا- بحرین کے سیاسی قیدیوں کی حمایت میں اس ملک کے مختلف علاقوں منجملہ کرانہ، البلاد القدیم، المصلی، وادیان، سترہ، اسکان جدحفصی، ابوصبیح اور الشاخورہ میں وسیع پیمانے پر مظاہرے ہوئے- مظاہرین نے چودہ فروردی دو ہزار گیارہ سے شروع ہونے والی انقلابی تحریک کی حمایت اور اس کے مقاصد کو آگے بڑھائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی- مظاہروں کے دوران آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے اور عوامی گروہوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا گیا- مظاہرین نے شہداء اسکوائر کی جانب مارچ بھی کیا- اس دوران بحرینی سیکورٹی فورسز نے التحریر روڈ کو بند کر دیا جو چودہ فروری کے انقلاب نامی اتحاد کے جوانوں کی اپیل پر آنے والے انقلابی مظاہرین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا- آل خلیفہ کے فوجیوں نے ابوصبیع اور الشاخورہ علاقوں میں پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہو گئے اور بعض کی حالت خطرے سے دوچار ہو گئی - ہفتے کے روز بحرین کے مختلف علاقوں کے شہریوں نے بحرینی عوام سے اپیل کی کہ وہ چودہ اگست کو "کامیاب قوم" کے زیرعنوان چودہ فروری نامی اتحاد کے جوانوں کے پروگراموں اور احتجاجی جلوسوں میں شرکت کریں-