مسجدالاقصی کی ملکیت سے متعلق دستاویز پیش
Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
فلسطینیوں نے مسجدالاقصی کی ملکیت سے متعلق دستاویز پیش کر دی۔
ترکی کی خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے ایک دستاویز جو مسجد الاقصی شریف کی دستاویز کے نام سے مشہور ہے، پیش کی ہے۔ جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ مسجدالاقصی کے زمین کے نیچے اور زمین کے اوپر موجود تمام حصوں کا تعلق مسلمانوں سے ہے اور یہودیوں اور دوسری اقوام کو ان پر کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ اس دستاویز کی تصدیق فلسطین کی اعلی اسلامی کمیٹی نے کی ہے۔ یہ ایک غیر سرکاری کمیٹی ہے۔ شیخ عکرمہ نے بیت المقدس میں ایک پریس کانفرنس میں یہ دستاویز پڑھ کر سنائی۔ اس دستاویز میں تحریر ہے کہ "مسجدالاقصی مکمل طور پر مسلمانوں سے تعلق رکھتی ہے اور یہودیوں کا اس پر کوئی حق نہیں ہے۔ اس دستاویز کے مطابق بیت المقدس میں غاصب اسرائیل کی موجودگی غیر قانونی ہے اور اسرائیل کو مسجدالاقصی پر کسی طرح کا حق بھی حاصل نہیں ہے۔ اس دستاویز میں مزید آیا ہے کہ یہودی مسجد الاقصی کے کسی حصے میں بھی داخل ہونے کا حق نہیں رکھتے ہیں اور ان کا داخلہ جارحیت اور اسلامی، عربی اور فلسطینی حق کی خلاف ورزی شمار ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی پر تازہ ترین حملہ چھبیس جولائی کو کیا تھا۔ اس حملے میں سترہ فلسطینی زخمی ہوئے اور مسجد کو کافی نقصان پہنچا۔