Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا ایک بار پھر حملہ

صیہونیوں نے ایک بار پھر بیت المقدس میں مسجد الاقصی کی بے حرمتی کرتے ہوئے اسے اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

مصر کی خبر رساں ایجنسی الشرق الاوسط کی رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے اتوار کے دن صبح کے وقت پولیس کی مدد سے مسجد الاقصی کے باب المغاربہ کی جانب سے اس مسجد کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر مسجد میں موجود فلسطینیوں نے اللہ اکبر کے نعرے لگا کر صیہونیوں کے اشتعال انگیز اقدام کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے عربوں کے قتل پر مبنی اشتعال انگیز نعرے بھی لگائے۔ حالیہ دنوں کے دوران انتہاپسند صیہونی گروہوں اور تنظیموں نے اپنے حامیوں سے مسجد الاقصی پر وسیع حملے کرنے کی اپیل کی ہے۔ بیت المقدس کے علاقے سلوان میں واقع وادی حلوان کے اطلاعات کے مرکز نے کہا ہے کہ صیہونی بستیوں کی تعمیر میں سرگرم عمل انتہا پسند تنظیم عطیرت کوہنیم نے قدس میں زںدگی گزارنے والے ایک خاندان کو ایک حکم نامہ دیا ہے جس میں سلوان کے علاقے الحارہ الوسطی میں واقع ان کی زمین پر اپنی ملکیت کا دعوی کیا گیا ہے اور اس خاندان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اس گھر اور اس کے علاوہ مزید تین گھروں کو خالی کر دے۔