سعودی عرب میں دہشت گردانہ بم دھماکے پر حزب اللہ کا ردعمل
Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
حزب اللہ لبنان نے سعودی عرب کے ابہا شہر میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے کو سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اتوار کے دن لبنان کے الدیر النبطیہ علاقے میں شہید محمد صادق قانصوہ کی یاد منائی گئی۔ اس موقع پر لبنان کی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ محمد رعد نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر ابہا میں ہونے والے بم دھماکے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ جن دہشت گردوں کو سعودی عرب نے پروان چڑھایا ہے وہ اب خود اسی کے لئے وبال جان بن چکے ہیں۔ محمد رعد نے مزید کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب تکفیری دہشت گردوں کو کمزور کرنے کے لئے کوشاں ہے حالانکہ اس پروپیگنڈے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حزب اللہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی سے متعلق بعض افراد اور گروہوں کے نظریات کو درست نہیں جانتی ہے کیونکہ سعودی عرب کی پالیسیاں اور فیصلے استقامت کی دشمنی پر مبنی ہیں اور سعودی عرب پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کے دن سعودی عرب کے ابہا شہر میں واقع اس ملک کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی مسجد میں ایک بم دھماکہ ہوا۔ اس بم دھماکے میں سیکورٹی فورسز کے کم از کم سترہ اہلکار ہلاک اور پچیس زخمی ہوئے تھے۔