Aug ۱۲, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران اور لبنان کے وزرا‏ئے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

بیروت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد جواد ظریف نے بدھ کے روز اپنے لبنانی ہم منصب جبران باسیل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے شام سمیت علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے اور اس سلسلے کوئی رکاوٹ موجود نہیں ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ علاقے کے تمام ممالک عوام کی خواہشات اور مطالبات کا احترام کریں اور ایران اس سلسلے میں خطے کے عوام کی حمایت کرتا ہے۔ محمد جواد ظریف نے لبنان کو خطے میں استقامت پائیداری کا نمونہ اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں کامیاب و فتح مند قرار دیا۔ اس موقع پر لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل نے کہا کہ لبنان اور اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کو ایسے دہشت گردوں کا سامنا ہے کہ جو دوسرے ممالک سے یہاں آئے ہیں۔ جبران باسیل نے ایران اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان ہونے والے ایٹمی سمجھوتے کو بات چیت اور مذاکرات کی سوچ رکھنے والوں نیز ایرانی سفارتکاری کی ان قوتوں پر فتح سے تعبیر کیا جو عالمی سطح پر ایران کو الگ تھلگ کرنے کے درپے تھیں۔