Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  • شام کے بحران کے فوری سیاسی حل کی ضرورت ہے، شیخ نعیم قاسم

حزب اللہ کے نائب سربراہ نے شام کے بحران کے فوری سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ بحران کے حل کے لئے شام کے سیاسی گروہوں، قبیلوں اور پارٹیوں کے مفادات پر ملکی مفادات کو ترجیح دیئے جانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے یہ بات، شام کے سماجی قومی پارٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ بدھ کے دن ہونے والی اس ملاقات میں شیخ نعیم قاسم نے صیہونی حکومت کی مخالفت اور استقامت کی روش پر مکمل یقین کو حزب اللہ اور شام کی قومی سماجی پارٹی کا مشترکہ پلیٹ فارم قرار دیا۔ شیخ نعیم قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ سن دو ہزار چھے میں حزب اللہ کی کامیابی اور جنوبی علاقوں سے صیہونیوں کا صفایا، صرف فوج، قوم اور مزاحمت کے اتحاد سے ہی ممکن ہو سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کے سیاسی بحرانوں کے حل میں سست روی کے نتائج ان ممالک کے عوام کو بھگتنا پڑ رہے ہیں اور انہیں بلا وجہ نقصان پہنچ رہا ہے۔