Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کا ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ

صیہونی بستیوں کے آباد کاروں نے ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے۔

الیوم السابع نیوز ویب سائٹ کے مطابق صیہونی کالونیوں کے آباد کاروں نے جمعرات کو صیہونی فوج کی حمایت سے مسجد الاقصی پر باب المغاربہ سے حملہ کر کے اس مقدس مقام کی بےحرمتی کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق انتہا پسند صیہونی مذہبی رہنما یسرائیل آرائیل کی سرکردگی میں یہ حملہ کیا گیا۔ اس حملے کے بعد مسجد الاقصی کے نگہبانوں اور نمازیوں نے صیہونیوں کے خلاف نعرے لگائے اور ان کا مقابلہ کیا۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے آج تیسر ے دن بھی خواتین کو مسجد الاقصی میں داخل نہیں ہونے دیا۔ صیہونی عناصر آئے دن مختلف بہانوں سے مسجدالاقصی پرحملے کرتے رہتے ہیں۔ ادھر اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح کو بھی صیہونیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملے کئے جن میں دو فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے۔ صیہونیوں نے پانچ فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ احرار نامی انسانی حقوق اور فلسطینی قیدیوں کی حامی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کے پہلے چھے مہنیوں میں صیہونی حکومت کے حملوں میں بائیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران کم از کم دو ہزار چار سو چھپن فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔