Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • حزب اللہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف استقامت جاری رہے گی۔

شیخ نعیم قاسم نے جمعے کو تہران کی نماز جمعہ کے خطبوں سے قبل اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ، علاقے میں صیہونی حکومت کی حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے اپنی جان و مال کی قربانی دے کر دو ہزار چھے میں تینتیس روزہ جنگ میں صیہونی حکومت کو شکست دی تھی۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ، منحرف لوگوں کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے جبکہ تکفیری، صیہونی اور اسلام کے دشمن، حقیقی اسلام محمدی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری دہشت گرد شام سے علاقے میں داخل ہوئے ہیں اور شام میں مکمل کامیابی تک استقامت جاری رہے گی۔ شیخ نعیم قاسم نے عراق کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے آلہ کار، تکفیریوں کی حمایت اور پشت پناہی کر رہے ہیں اور وہ جھوٹ کہتے ہیں کہ وہ تکفیریوں سے جنگ کر رہے ہیں لہذا تکفیریوں کے مقابلے میں استقامت کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ نے یمن و بحرین میں آل سعود اور آل خلیفہ کی مجرمانہ کارروائیوں کی مذمت کی۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ایران ان ملکوں میں شامل ہے جو علاقے میں پسماندہ حکومتوں اور ان کی نادرست پالیسیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔