حزب اللہ کی کامیابی غزہ کی کامیابی کا پیش خیمہ
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
لبنان میں عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن علی فیصل نے کہا ہے کہ حزب اللہ کی کامیابی غزہ کی کامیابی کا سبب بنی ہے۔
لبنان میں عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن علی فیصل نے جمعے کو المیادین ٹی وی سے گفتگو میں جولائی دو ہزار چھے میں صیہونی حکومت کی تینتیس روزہ جارحیت کے مقابلے میں حزب اللہ کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر ایک بیان دیا- اس بیان میں انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کی کامیابی غزہ میں فلسطینیوں کی مزاحمت کی کامیابی کا سبب بنی ہے اور اس سے فلسطینیوں کے حوصلے مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استقامت کی راہ پر چل کر کامیابی یقینی ہوتی ہے۔ علی فیصل نے کہا کہ فلسطینی قوم، صیہونی حکومت کے خلاف جدو جہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی، اپنی استقامت و پائداری کے ساتھ کبھی بھی صیہونی حکومت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔ ادھر لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں فلسطینی پناہ گزینوں نے اقوام متحدہ کی، روزگار اور امداد فراہم کرنے والی ایجنسی کے فیصلوں اور اسکی جانب سے فلسطیینیوں کو، دی جانے والی امداد میں کمی کرنے کے اقدام کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کی اس تنظیم نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ اسے دس کروڑ سے زائد ڈالر کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر اس کے بعض طبی اور تعلیمی پروگرام معطل یا ان میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ایجنسی، فلسطینی پناہ گزینوں اور جنگ غزہ کے متاثرین کو امداد فراہم کرتی ہے۔