حزب اللہ کی کامیابی کی سالگرہ, ایرانی وزارت خارجہ کا بیان
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے مقابل حزب اللہ لبنان کی کامیابی لبنان کے تمام طبقات کے اتحاد اور یکجہتی کا نتیجہ ہے-
ایرانی وزارت خارجہ نے لبنان میں دو ہزار چھے میں ہونے والی صیہونی حکومت کے خلاف غیر مساوی جنگ میں حزب اللہ لبنان کی کامیابی کی نویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک بیان جاری کیا ہے- اس بیان میں لبنان کی حکومت، ملت، فوج اور حزب اللہ، خاص طور سے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کو مبارک باد پیش کی گئی ہے- بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا اس بات پر یقین ہے کہ لبنان کے مختلف طبقات کا اتحاد لبنان کے امن و استحکام اور سلامتی کا ضامن ہے اور یہ ملک اسی اتحاد کے ذریعے اسرائیل کی غاصب حکومت اور تکفیری دہشت گرد گروہوں کے ہر طرح کے خطروں سے محفوظ رہ سکتا ہے- وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونیت کے مقابل حزب اللہ کی شجاعت و بہادری ناقابل انکار ہے اور تینتیس روزہ جنگ سر سے پیر تک مسلح صیہونی حکومت کی فوج کے مقابل لبنانی عوام کی طاقت و مزاحمت کی علامت تھی اور ملت لبنان اس کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھے گی- اس بیان میں لبنان کے سیاسی عمل کی، لبنان کے داخلی اتفاق رائے کے ذریعے تکمیل کی ایک بار پھر حمایت کی گئی ہے- واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے بارہ جولائی دو ہزار چھے کو لبنان پر اپنے حملوں کا آغاز کیا تھا جو تینتیس روز تک جاری رہے تھے تاہم اس جارحیت میں صیہونی حکومت اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل نہیں کر سکی تھی-