صیہونی حکومت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں، حزب اللہ
Aug ۲۲, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ، صیہونی حکومت کی ہر قسم کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہے۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حزب اللہ کے جوان، غاصب صیہونیوں کی ہر طرح کی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ حزب اللہ، اس وقت سن دو ہزار چھے کی تینتیس روزہ جنگ کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور ہے- شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی اندرونی صورت حال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیاسی بحران اور صدر کے عدم انتخاب کی وجوہات کو سرحدوں سے باہر تلاش کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک کی مداخلتوں کی وجہ سے اب تک صدارت کے عہدے پر کسی شخصیت کا انتخاب عمل میں نہیں آ سکا ہے۔ واضح رہے کہ لبنان میں پچیس مئی سن دو ہزار چودہ کو میشل سلیمان کے دور صدارت کی مدّت پوری ہونے کے بعد سے اب تک کسی مناسب صدر کا انتخاب عمل میں نہیں آ سکا ہے۔ سیاسی اقتدار میں اس خلا کی وجہ، لبنان میں سعودی عرب سمیت بعض عرب ممالک کی مداخلت بتائی جاتی ہے۔